بنگلورو، 19دسمبر(ایس او نیوز)اگلے اسمبلی انتخابات میں چامنڈیشور ی اسمبلی حلقہ سے اپنی کامیابی کی نا امیدی سے مایوس ہوکر وزیراعلیٰ سدارامیا جے ڈی ایس کے امیدوار ورکن اسمبلی جی ٹی دیوے گوڈا کو اے سی بی کے ذریعہ بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے ۔ جے ڈی ایس کے ریا ستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے آج یہ الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا چامنڈیشوری اسمبلی حلقہ سے جے ڈی ایس امیدوار جی ٹی دیوے گوڈا کے خلاف چناؤ لڑنے سے گھبرا رہے ہیں ۔ اس لئے ابھی سے دیوے گوڈا کو بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے تاکہ دیوے گوڈا ان کے مقابلہ چناؤ نہ لڑیں ۔ پارٹی کے صدر دفتر جے پی بھون میں ایک اخباری کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی امیدوار کو خوف زدہ کرنے کیلئے سدارامیا اے سی بی کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چامنڈیشور ی اسمبلی میں حال ہی منعقدہ جے ڈی ایس اجلاس کی کامیابی سے وزیراعلیٰ ابھی سے پریشان ہوگئے ۔اس لئے میسور میں رہائشی مکانات کی تعمیر کیلئے زمین پر قبضہ کے دوران ہوئی دھاندلیوں کے حوالہ سے اے سی بی جانچ کروانے کا وزیر اعلیٰ نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں کل 46افراد کے خلاف اے سی بی نے ایف آئی آر درج کیا ہے جس میں جی ٹی دیوے گوڈا بھی شامل ہیں۔